ماسکو: (ویب ڈیسک) روس کے صدر کی جانب سے 6 غریب افریقی ممالک کو مفت اناج فراہم کرنے کا اعلان کردیا گیا ۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کا کہنا ہے کہ روس اناج برآمدات یوکرین کے بجائے افریقی ممالک کو کرنے کے قابل ہے، اگلے تین، چار ماہ میں 6 غریب افریقی ممالک کو مفت اناج کی فراہمی کریں گے۔
روسی شہر سینٹ پیٹرز برگ میں افریقی ممالک کے رہنماؤں کے ساتھ اجلاس میں صدر پیوٹن نے کہا کہ برکینا فاسو، زمبابوے،مالی، صومالیہ، وسطی افریقی جمہوریہ اور اریٹیریا کو الگ الگ 25 سے 50 ہزار ٹن مفت اناج بھیجا جائے گا۔
روسی صدر کا کہنا تھا کہ افریقی ممالک سے انسانی اور تجارتی روابط بڑھانے میں دلچسپی رکھتے ہیں، افریقی ممالک کو اناج اور انسانی ہمدردی امداد فراہم کرنے پر خصوصی توجہ دیں گے۔
روسی صدر نے کہا کہ عالمی اناج منڈی میں روس کا 20 فیصد حصہ ہوتا ہے، روس عالمی خوراک کے تحفظ میں بڑا شراکت دار ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں روس نے یوکرین سے اناج برآمد کرنے کا معاہدہ ختم کر دیا تھا۔