کیف : ( ویب ڈیسک ) یوکرین کا کہنا ہے کہ روس نے جنوبی اور مشرقی یوکرین میں اہداف پر فضائی حملے شروع کیے ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یوکرین کی فضائیہ نے کہا ہے کہ روس نے ڈرون اور ممکنہ طور پر بیلسٹک میزائلوں کا استعمال کرتے ہوئے جنوبی اور مشرقی یوکرین میں اہداف پر فضائی حملے شروع کیے ہیں۔
ائیر فورس نے منگل کی صبح ٹیلی گرام میسجنگ ایپ پر بتایا کہ اوڈیسا کی جنوبی بندرگاہ اور مائکولائیو، ڈونیٹسک، کھیرسن، زپوریزہیا اور دنیپروپیٹروسک کے تمام علاقے روسی ڈرون حملوں کے خطرے کی زد میں ہیں۔
فضائیہ نے مزید کہا کہ روس پولٹاوا، چرکاسی، دنیپروپیٹروسک، خرکیو اور کیرووہراد کے علاقوں پر حملہ کرنے کے لیے بیلسٹک ہتھیار بھی استعمال کر سکتا ہے۔
اوڈیسا کی فوجی انتظامیہ کے سربراہ اولیہ کیپر نے کہا کہ وہاں کا فضائی دفاعی نظام روسی ڈرون حملے کو پسپا کرنے میں مصروف ہے، حملوں کی کئی لہروں کا امکان ہے۔
خیال رہے کہ جنوبی یوکرین کے علاقے اوڈیسا پر حملہ روس کی جانب سے بحیرہ اسود کی بندرگاہوں سے یوکرین کے اناج کی محفوظ برآمد کی اجازت دینے والے معاہدے میں توسیع سے انکار کے چند گھنٹے بعد ہوا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز روس کے زیر انتظام یوکرینی علاقے کریمیا کے پل پر ڈرون سے حملہ کیا گیا جس سے پل کو جزوی نقصان پہنچا جبکہ 2 افراد ہلاک ہوئے، ماسکو نے حملے کا الزام یوکرین پر عائد کرتے ہوئے کہا تھا کہ روس اس کا سخت جواب دے گا۔
واضح رہے کہ یوکرینی حکام نے پل پر حملے کی تردید کی تھی تاہم سکیورٹی سروس کے مطابق حملہ یوکرین ہی کی جانب سے کیا گیا۔