قرآن پاک کی بے حرمتی، اقوام متحدہ انسانی حقوق کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب

Published On 04 July,2023 10:23 pm

جنیوا: (ویب ڈیسک) سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے معاملے پر اقوام متحدہ انسانی حقوق کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب کرلیا گیا۔

انسانی حقوق کونسل کے ترجمان کے مطابق ہنگامی اجلاس پاکستان کی درخواست پر بلایا گیا ہے، مذہبی منافرت پر اجلاس ممکنہ طور پر رواں ہفتے کے آخر میں ہوگا۔

گزشتہ روز وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعے پر سويڈش حکومت واقعے کا نوٹس لے اور مجرموں کے خلاف کارروائی کرے۔

یہ بھی پڑھیں: قرآن پاک کی بیحرمتی پر قومی ردعمل دینے کیلئے مشترکہ اجلاس جمعرات کو طلب

خیال رہےکہ سویڈن کے دارالحکومت اسٹاک ہوم کی مسجد کے باہر عید الاضحیٰ کے روز قرآن پاک کو نذرآتش کرنے اور بے حرمتی کا واقعہ پیش آیا تھا۔

غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سٹاک ہوم کی پولیس نے عراق سے تعلق رکھنے والے شہری کو کئی بار قرآن پاک نذر آتش کرنے کی اجازت دینے سے انکار کیا تھا، لیکن مقامی عدالت نے پولیس کے فیصلے کو آزادی اظہار رائے کے خلاف قرار دیا۔

یہ بھی پڑھیں: قرآن پاک کی بیحرمتی کیخلاف وزیر اعظم کا جمعۃ المبارک کو ملک گیر احتجاج کا فیصلہ

مقامی پولیس نے شہری کو عید کے روز شہر کی مرکزی جامع مسجد کے باہر مظاہرے کی اجازت دی جس کے بعد ملعون نے قرآن پاک کو نذر آتش کیا اور مسلمانوں کی مقدس کتاب کی بے حرمتی کی۔