جینیوا: (ویب ڈیسک ) اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین نے کہا ہے کہ دنیا بھر سے 11 کروڑ افراد زبردستی اپنے آبائی گھر چھوڑ کر نقل مکانی پر مجبور ہوئے۔
خبر رساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین (یو این ایچ سی آر) نے کہا ہے کہ یوکرین جنگ، افغانستان سے آنے والے مہاجرین اور سوڈان میں جاری جنگ کی وجہ سے مہاجرین کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے جبکہ اپنے ہی ملکوں میں بے گھر ہونے والے افراد کی تعداد میں بھی غیرمعمولی اضافہ ہواہے ۔
اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین نے اپنی سالانہ رپورٹ میں کہا ہے کہ گزشتہ سال کے اواخر میں بے گھر ہونے والے افراد کی تعداد دس کروڑ 84 لاکھ تھی، جبکہ سال 2021 کے بعد اس تعداد میں ایک کروڑ 91 لاکھ کا اضافہ ہوا جو، اب تک ہونیوالا سب سے بڑا اضافہ ہے۔
سوڈان میں جاری تنازعات سے بھی بے گھر افراد کی تعداد میں مزید اضافہ ہوا ہے جس کے بعد رواں سال مئی تک یہ تعداد 11 کروڑ تک پہنچ گئی ہے۔
یو این ایچ سی آر کے سربراہ فلیپو گرانڈی نے جنیوا میں پریس بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 11کروڑ افراد لڑائی، ظلم، امتیازی سلوک، تشدد اور دیگر وجوہات بالخصوص ماحولیاتی تبدیلیوں کے باعث نقل مکانی پر مجبور ہوئے۔
انہوں نے تارکین وطن کے ساتھ ہونیوالے سلوک پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ان ممالک کی قیادت کو مہاجرین کے حق میں عوامی رائے قائم کرنی چاہیے اور بتانا چاہیے کہ لوگ بین الاقوامی تحفظ کا حق رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پناہ گزینوں کے لیے یورپی یونین، امریکہ اور برطانیہ کے دروازیں کھلے رہنے چاہیے ، لوگوں کو وہاں پناہ لینے کا اختیار حاصل ہونا چاہیے جہاں وہ محفوظ محسوس کرتے ہیں۔