ریاض:(ویب ڈیسک ) سعودی محکمہ پاسپورٹ برائے حج کا کہنا ہے کہ بیرون مملکت سے 16 لاکھ عازمین حج مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ پہنچ چکے ہیں جبکہ جعلی پاسپورٹ کا پتہ لگانے کیلئے جدید ڈیوائسز کا استعمال کیا جارہاہے ۔
سعودی خبررساں ادارے کے مطابق مکہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سعودی محکمہ پاسپورٹ برائے حج کے کمانڈر میجر جنرل ڈاکٹر صالح المربع نے حج 2023 کے حوالے سے سکیورٹی، ٹریفک اور انتظامی سکیموں کا جائزہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ حج پر جعلی پاسپورٹ کا پتہ لگانے کے لیے اہلکار پیشہ ورانہ طور طریقے استعمال کر رہے ہیں ، ایئرپورٹس، بندرگاہوں اور بری سرحدی چوکیوں پر جعلی پاسپورٹس کا پتہ لگانے والے جدید ترین ڈیوائسز موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایئرپورٹس، بری سرحدی چوکیوں اور بندرگاہوں پر تعینات پاسپورٹ اہلکار متعدد زبانوں سے واقف ہیں تاکہ عازمین حج سے رابطے میں آسانی ہو، آئندہ برسوں کے دوران اس کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا۔
میجر جنرل ڈاکٹر صالح المربع کامزید کہناتھا کہ بیرون مملکت سے حج پر آنے والے ضیوف الرحمن کی امیگریشن کی کارروائی میں سہولتوں کی فراہمی، روٹ ٹو مکہ انشیٹو کے تحت سات ملکوں میں عازمین حج کی ساری کارروائی، ان کے ملک میں مکمل کرنے کا اہتمام اور جعلی دستاویزات کا پتہ لگانے کے لیے جدید ترین مشینوں کا انتظام کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ دنیا بھر سے فریضہ حج کی ادائیگی کیلئے 14 لاکھ 99 ہزار 427 عازمین حج بری، بحری اور فضائی راستوں کے ذریعے سعودی عرب پہنچ چکے ہیں۔