ریاض : (ویب ڈیسک) سعودی وزارت حج وعمرہ کے مطابق دنیا بھر سے گیارہ لاکھ سے زائد عازمین حج سعودی عرب پہنچ چکے ہیں ۔
سعودی خبررساں ادارے کے مطابق سعودی وزارت حج وعمرہ کے سیکرٹری محمد البیجاوی نے کہا ہے کہ بری، بحری اور فضائی راستوں سے عازمین کی آمد کا سلسلہ جاری ہے ، بری راستے کے ذریعے گزشتہ روز تک 25 ہزار سے زائد عازمین سعودی عرب آئے جبکہ ان کی آمد کا سلسلہ آئندہ چند دنوں تک جاری رہے گا۔
سیکرٹری حج وعمرہ نے کہا کہ مختلف ممالک سے براہ راست مدینہ منورہ کے امیر محمد بن عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پرآنے والے عازمین کی تعداد 6لاکھ سے زیادہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں :حج کے دوران فوٹوگرافی کیلئے ان باتوں کا خیال رکھنا لازمی ہے
وزارت حج کے مطابق جمعے تک 7 لاکھ سے زائد عازمین مدینہ منورہ آئے جن میں سے بیشترمسجد نبوی کی زیارت کے بعد مکہ مکرمہ روانہ ہوگئے ، اس وقت مدینہ منورہ میں مجموعی طورپرایک لاکھ 47 ہزار عازمین موجود ہیں جبکہ ان کی آمد کا سلسلہ چند دن مزید جاری رہے گا۔
علاوہ ازیں سعودی وزارت حج و عمرہ نے کہا ہے کہ اب تک فضائی اور بحری راستوں سے چھ لاکھ 61 ہزار 346 حج زائرین مدینہ منورہ پہنچے ہیں۔
مناسک حج میں آسانی کیلئے عازمین کو مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ دونوں مقدس شہروں میں بہترین سہولیات فراہم کی جارہی ہیں ۔