کنساشا (ویب ڈیسک) افریقی ملک ڈیموکریٹک ریپبلک آف کانگو میں سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ نے تباہی مچادی، 203 سے زائد افراد ہلاک جبکہ متعدد لاپتہ ہوگئے۔
غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق جنوبی کیوو صوبے میں کالیہے ریجن میں ہونے والی بارش کی وجہ سے دریاؤں میں طغیانی آگئی جس سے بشوشو اور نیاموکوبی کے دیہات زیر آب آ گئے۔
ایڈمنسٹریٹر تھامس بیکنگا نے بتایا کہ نیاموکوبی میں ہفتہ وار بازار لگایا گیا تھا جہاں سیلابی ریلے کے باعث پہاڑی منہدم ہوگئی جس کے ملبے سے 203 لاشیں نکالی جاچکی ہیں۔
شدید بارشوں کی وجہ سے متعدد دیہات ڈوب گئے، کئی گھر بہہ گئے اور کھیتوں کو نقصان پہنچا، نوبل امن انعام یافتہ ڈینس مکویگے نے ہفتے کے روز اعلان کیا کہ انہوں نے سرجنوں، اینستھیٹسٹ اور تکنیکی ماہرین کا ایک گروپ اس علاقے میں روانہ کیا ہے تاکہ آبادی کو ہنگامی طبی امداد فراہم کی جا سکے۔