ٹیکساس : (ویب ڈیسک ) امریکی ریاست ٹیکساس کے شاپنگ سینٹر میں فائرنگ سے 8 افراد ہلاک اور 7 زخمی ہوگئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق الین (Allen) شہر کے ایک شاپنگ سینٹر میں حملہ آور نے فائرنگ کردی، پولیس کی جوابی فائرنگ میں ملزم مارا گیا۔
امریکی میڈیا کے مطابق فائرنگ سے کم از کم 7 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جن میں پانچ برس کا بچہ بھی شامل ہے، نعشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
ایک عینی شاہد نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ حملہ آور تنہا تھا اور اس نے شاپنگ سینٹر کے باہر سے ہی فائرنگ شروع کردی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مشتبہ حملہ آور کی گاڑی کی شناخت کرلی گئی ہے۔
ٹیکساس کے گورنر گریگ ایبٹ نے فائرنگ کے واقعے کو ’ناقابل بیان سانحہ‘ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ریاست مقامی حکام کو ہر قسم کی مدد فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔
رپورٹس کے مطابق فائرنگ والے علاقے میں جنوب ایشیائی شہریوں کی بڑی تعداد آباد ہے۔
گن وائلنس آرکائیو کے مطابق اس سال اب تک امریکا میں کم از کم 198 ’ماس شوٹنگ‘ کے واقعات پیش آئے ہیں، ایسے واقعات جن میں چار یا اس سے زیادہ افراد ہلاک یا زخمی ہوئے ہوں۔