سوڈان کی فوج اور پیرا ملٹری فورسز کے درمیان مذاکرات آج ہونگے

Published On 06 May,2023 10:22 am

ریاض : (ویب ڈیسک ) سوڈان کی فوج اور پیرا ملٹری فورسز کے درمیان مذاکرات آج ہوں گے، جس کی سعودی اور امریکی حکومت نے تصدیق کر دی ہے۔

سعودی اور امریکی حکومت کی جانب سے جاری کردہ مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ سوڈانی فوج اور پیرا ملٹری فورسز کے درمیان مذاکرات آج جدہ میں ہوں گے، سوڈانی فوج کے وفد کی نمائندگی 3 افسران اور ایک سفیر کر رہے ہیں اور ریپڈ سپورٹ فورس کا وفد 3 افسروں پر مشتمل ہے۔

مشترکہ بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ سوڈانی قوم کے مفاد میں فریقین جنگ بندی اور تنازع کے خاتمے کے لیے مذاکرات کریں۔

یہ بھی پڑھیں :جو بائیڈن کی جانب سے سوڈان پر پابندیوں کے نفاذ کا عندیہ

واضح رہے کہ سوڈان میں فوج اور پیرا ملٹری فورسز کے درمیان 15 اپریل سے جاری جھڑپوں میں اب تک 700 زیادہ افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں اور سینکڑوں زخمی ہوئے ہیں۔

اقوام متحدہ کی رپورٹ کے مطابق لڑائی کے نتیجے میں سوڈان کے اندر بھی 330,000 سے زیادہ لوگ بے گھر ہو چکے ہیں اور 100,000 سے زیادہ ملک چھوڑ گئے ہیں۔