مقبوضہ کشمیر میں سرچ آپریشن کے دوران دھماکہ ، 2 بھارتی فوجی ہلاک

Published On 05 May,2023 03:34 pm

سری نگر:(ویب ڈیسک ) مقبوضہ کشمیر میں سرچ آپریشن کے دوران ہونے والے زوردار دھماکے میں بھارتی فوج کے افسر سمیت 2 اہلکار ہلاک اور 4 زخمی ہوگئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی فوج نے مقبوضہ کشمیر کے ضلع راجوری کے ایک غار میں بھارتی فوجیوں کو نشانہ بنانے والے عسکریت پسندوں کے پناہ لینے کی اطلاع پر چھاپہ مارا۔

عسکریت پسندوں نے بھارتی فوجیوں کو دیکھتے ہی اہلکاروں پر بارودی مواد پھینکا جس سے چھاپہ مار ٹیم غیر منظم ہوگئی اور 2 اہلکار موقع پر ہی ہلاک ہوگئے جبکہ 4 شدید زخمی ہیں۔

زخمی اہلکاروں کو کمانڈ ہسپتال ادھم پور منتقل کر دیا گیا جہاں دو اہلکاروں کی حالت نازک ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ہلاک اور زخمی ہونے والوں کی شناخت تاحال ظاہر نہیں کی گئی۔

بھارتی فوج کے ترجمان کاکہنا ہے کہ غار میں اُن دہشت گردوں نے پناہ لے رکھی تھی جو 20 اپریل کو ضلع پونچھ میں فوج کے ایک ٹرک پر حملہ کرکے 5 اہلکاروں کو قتل کرنے کے بعد فوجی اسلحہ لے کر فرار ہوگئے تھے۔