اسرائیل اور فلسطین کے درمیان امن مذاکرات میں سہولت فراہم کرنے کیلئے تیار ہیں: چین

Published On 18 April,2023 05:07 pm

بیجنگ: (ویب ڈیسک)چین کے وزیر خارجہ کِن گینگ نے اپنے اسرائیلی اور فلسطینی ہم منصبوں کو بتایا کہ چین اسرائیل اور فلسطین کے درمیان امن مذاکرات میں سہولت فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔

چینی خبر رساں ادارے کے مطابق چینی وزیر خراجہ کِن گینگ نے کہا ہے کہ چین اسرائیل اور فلسطین دونوں کی حوصلہ افزائی کرتا ہے کہ وہ سیاسی جرات کا مظاہرہ کریں اور امن مذاکرات دوبارہ شروع کرنے کے لیے اقدامات کریں، چین اس میں سہولت فراہم کرنے کے لیے تیار ہے ۔

کن گینگ نے اپنے اسرائیلی ہم منصب ایلی کوہن سے ٹیلفونک گفتگو میں کہا ہے کہ چین اسرائیل اور فلسطین کے درمیان موجودہ کشیدگی پر فکر مند ہے، چین کی اولین ترجیح صورت حال کو کنٹرول میں لانا اور تنازع کو بڑھنے یا کنٹرول سے باہر ہونے سے روکنا ہے۔

چینی وزیر نے دونوں فریقوں پر زور دیا کہ وہ پرسکون رہیں، تحمل سے کام لیں اور اشتعال انگیز بیانات یا اقدامات سے گریز کریں، انہوں نے زور دیا کہ تنازع کے حل کی کلید امن مذاکرات کا دوبارہ آغاز اور دو ریاستی حل پر عمل درآمد کرنے میں ہے۔