چین کا خلائی سٹیشن پر آکسیجن تیار کرنے کا دعویٰ

Published On 17 April,2023 08:51 pm

بیجنگ: (ویب ڈیسک) چینی سائنسدانوں نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے اپنے ہی خلائی اسٹیشن پر عملے کے لیے ضروری آکسیجن کی 100 فیصد مقدار بنانے میں اہم کامیابی حاصل کرلی ہے، اس طرح زمین سے ہر سال 6 ٹن کے برابر آکسیجن منگوانے کی ضرورت ختم ہوچکی ہے۔

چینی خلائی تنظیم کے ترجمان نے ایک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ خلائی جہاز کے چھ اہم یونٹ اپنی ضرورت کی 100 فیصد آکسیجن تیار کررہے ہیں، اس کے علاوہ پانی کی 95 فیصد ضروریات بھی ری سائیکل کی جارہی ہیں۔

چینی خلائی ادارے کے ماحولیاتی کنٹرول اور انجینیئرنگ آفس کے سربراہ بیان چیانگ نے کہا ہے کہ ان کے بنائے ہوئے نظام کے چھ ذیلی نظام ہیں جو ایک جانب تو کاربن ڈائی آکسائیڈ باہر خارج کررہے ہیں، پانی بنارہے ہیں اور کئی ٹن آکسیجن بنارہے ہیں، اس سہولت سے خطیر رقم کی بچت ہورہی ہے اور اس سے نئی ٹیکنالوجی سے بھی مدد لی جارہی ہے۔