پیانگ یانگ : (ویب ڈیسک ) جنوبی کوریا کی فوج نے کہا ہے کہ شمالی کوریا نے مشرقی ساحل سے کم فاصلے تک مار کرنے والے دو بیلسٹک میزائل فائر کیے ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق جنوبی کوریا کی فوج کا کہنا ہے کہ دونوں میزائل جاپان کے خصوصی اقتصادی زون سے باہر گرے، یہ تجربات ایسے وقت میں کیے گئے ہیں جب امریکی طیارہ بردار جہاز جنوبی کوریائی بندرگاہ پر لنگر انداز ہونے والا ہے۔
اس حوالے سے جنوبی کوریا کے جوائنٹ چیفس نے کہا ہے کہ شمالی کوریا کے بار بار میزائل داغے جانے کی سخت مذمت کرتے ہیں، شمالی کوریا کی اشتعال انگیزی کا بھرپور جواب دینے کے لیے تیار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پلان کے مطابق امریکا کے ساتھ فوجی مشقیں جاری رکھیں گے۔
دوسری جانب جاپان نے میزائل تجربات کو خطے اور عالمی برادری کی سلامتی کے لیے خطرہ قرار دے دیا۔
یو ایس انڈو پیسیفک کمانڈ نے کہا ہے کہ تازہ ترین تجربات سے امریکی اہلکاروں یا ان کے اتحادیوں کے لیے فوری خطرہ نہیں۔
یاد رہے کہ کچھ روز قبل بھی شمالی کوریا نے جوہری صلاحیت کے حامل زیر سمندر نئے ڈرون کا تجربہ کیا تھا . جنوبی کوریا اور امریکہ کے درمیان 14 مارچ سے آزادی ڈھال نامی مشقوں کا آغاز ہوا تھا، شمالی کوریا نے ان مشقوں کے جواب میں اس ماہ کے دوران مزید 6 میزائل تجربے کیے تھے ۔