سیئول: (ویب ڈیسک)جنوبی کوریا نے اپنے ایک فوجی کی جانب سے سرحد کے نزدیک غلطی سے فائرنگ پر شمالی کوریا سے معذرت کرلی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق فائرنگ کا واقعہ جنوبی کوریا کے صوبے گینگون کی سرحد پر ملٹری ٹریننگ کے دوران پیش آیا جس میں مشین گن چلنے سے چار راؤنڈ فائر ہوگئے اور گولیاں سرحد پار جا گری تھیں۔
جنوبی کوریا کے فوجی حکام نے اس واقعے پر شمالی کوریا کی فوج کو ایک پیغام بھیجا جس میں واضح کیا گیا کہ فائرنگ کا واقعہ غیر ارادی طور پر پیش آیا جس کا مقصد اشتعال انگیزی یا جارحیت نہیں تھا۔
تاحال شمالی کوریا کی جانب سے کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا ہے اور نہ ہی فائرنگ کے واقعے پر شمالی کوریا نے کوئی جوابی کارروائی کی تھی۔