تمام ریاستی وسائل زلزلہ زدہ علاقوں کیلئے متحرک ہیں : ترک صدر

Published On 13 March,2023 05:52 am

انقرہ : ( ویب ڈیسک ) ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ ترکیہ نے اپنے جنوبی صوبوں میں زلزلے کے بعد سے اپنے تمام اداروں، اہلکاروں اور وسائل کو آفت زدہ علاقوں کے لیے متحرک کر دیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ترک صدر نے زلزلہ سے متاثرہ صوبے ’ ہتاے ‘کا دورہ کیا اور اس موقع پر کہا کہ کسی کو اس میں کوئی شک نہیں ہونا چاہیے کہ ریاست اور قوم کے تمام وسائل کو زلزلہ زدہ علاقے کے لیے متحرک کر دیا گیا ہے۔

اردوان نے کہا کہ ہم نے اپنی فوج، پولیس، ہیلتھ کیئر پروفیشنلز، ماہرین تعلیم، تمام متعلقہ اداروں کے اہلکاروں اور اپنی تمام گاڑیاں، ہوائی جہاز سے لے کر ہیلی کاپٹروں اور بحری جہازوں کو اپنے زلزلہ زدگان کے لیے متحرک کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کوئی ملک ایسا نہیں جو ترکیہ سے زیادہ تیزی سے ایسی تباہی کا سامنا کر سکے جس میں ہلاکتوں کی تعداد 48,000، زخمیوں کی تعداد 115,000 سے تجاوز کر گئی اور 50,000 عمارتیں تباہ ہو گئیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت ہاتائے میں فوری طور پر مطلوبہ 244,000 شہر کے مکانات اور 75,000 گاؤں کے گھروں کی تعمیر کو ایک سال کے اندر مکمل کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے، اب تک، ہم نے زلزلہ زدہ علاقے میں 426,000 خیمے لگائے ہیں اور ہم دو ماہ کے اندر اندر 100,000 کنٹینرز لگانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

یاد رہے کہ ترک سرکاری اعداد و شمار کے مطابق، 6 فروری کو آنے والے زلزلے سے ترکیہ میں 47,900 سے زیادہ افراد ہلاک اور 13 ملین سے زیادہ لوگ متاثر ہوئے ہیں۔