سعودی عرب، الجوف میں شہد فیسٹیول کا آغاز

Published On 27 November,2022 05:44 pm

ریاض: (ویب ڈیسک) سعودی عرب کے الجوف میں گورنر فیصل بن نواف نے دومہ الجندل کے علاقے میں تیسرے شہد فیسٹیول کا افتتاح کر دیا۔

سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق الجوف نے تیسرے شہد فیسٹیول کا افتتاح کرتے ہوئے گورنر نے انتظامیہ کی کاوش کو سراہتے ہوئے کہا کہ شہد کی صنعت کے فروغ کے لیے حکومت ہر ممکن طور پر امداد فراہم کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ الجوف میں پیدا ہونے والا شہد ہماری شناخت بن گیا ہے اور اس صنعت سے علاقے کے بیشتر خاندان منسلک ہیں، شہد فیسٹیول جسے ’ہمارا شہد ، طاقت سے بھرپور‘ کا عنوان دیا گیا ہے میں جہاں انواع واقسام کے شہد کے سٹالز لگائے گئے ہیں وہاں شرکا کی دلچسپی کے لیے مختلف سرگرمیوں کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔

شہد فیسٹیول میں شرکت کرنے کے لیے دیگر علاقوں سے بھی بڑی تعداد میں لوگ آتے ہیں جبکہ بچوں کے لیے خصوصی طور پر جھولوں اور دیگر دلچسپ کھیلوں کا بھی انتظام ہے۔

واضح رہے الجوف ریجن میں سالانہ 28 ٹن شہد کی پیداوار ہوتی ہے۔