جدہ میں طوفانی بارشیں، انفراسٹرکچر تباہ، پروازیں منسوخ، حادثات میں 2 افراد جاں بحق

Published On 25 November,2022 09:09 pm

جدہ (ویب ڈیسک) سعودی عرب کے شہر جدہ میں طوفانی بارش، 13 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا، 10 گھنٹے میں 266 ملی میٹر سے زیادہ بارش ہوئی، جس سے شہر کے بیشتر علاقے زیرآب آ گئے۔

طوفانی بارش سے آنے والے سیلابی ریلوں کی زد میں آ کر سینکڑوں گاڑیاں تباہ ہوگئیں۔ شہر میں مختلف حادثات میں 2 افراد موت کے منہ میں چلے گئے اور انفراسٹرکچر تباہ ہو کر رہ گیا۔

شدید طوفانی موسم کے باعث شاہ عبدالعزیز ایئرپورٹ پر پروازیں بھی منسوخ کر دی گئیں اور طلبا و طالبات کی حفاظت کے لیے تعلیمی ادارے بھی بند کر دیئے گئے ہیں۔

جدہ سے مکہ جانے والی شاہراہ بند ہوگئی جسے کھولنے کا کام جاری ہے۔ شہر کی دیگر سڑکیں بھی طوفانی ریلوں کے سبب آمدورفت کے لیے بند ہو چکی ہیں۔ مکہ اور جدہ میں 11 ہزار سے زائد رضاکار بحالی کے کاموں میں مصروف ہیں۔

سعودی عرب کے محکمہ موسمیات نے پورا ہفتہ بارشوں کی پیش گوئی کرتے ہوئے بتایا ہے کہ آج بھی مختلف علاقوں میں طوفانی بارش کا امکان ہے۔