تائیوان کے معاملے پر امریکا اور چین میں ٹھن گئی

Published On 20 September,2022 09:59 am

بیجنگ: (دنیا نیوز) تائیوان کے معاملے پر امریکا اور چین میں ٹھن گئی، امریکی صدر جوبائیڈن کے تائیوان پرحملے کی صورت میں دفاع کرنے کے بیان پر چین نے سخت اقدامات اٹھانے کا اعلان کر دیا۔

دنیا پر تیسری عالمی جنگ کے سائے منڈلانے لگے، تائیوان کے معاملے پر امریکا اورچین کے درمیان کشیدگی میں مزید اضافہ ہوگیا، امریکی صدر کے بیان پر بیجنگ نے شدید ردعمل کا اظہار کر دیا۔

امریکی صدر جو بائیڈن کا انٹرویوکے دوران کہنا تھا کہ اگرچین نے تائیوان پر حملہ کیا توامریکا اس کا دفاع کرے گا، صدر بائیڈن کے بیان پرچین کا کہنا تھا کہ وہ قوم کو تقسیم کرنے والی سرگرمیوں کے جواب میں تمام ضروری اقدامات کرے گا۔

رواں ماہ امریکا نے تائیوان کو 1.1 ارب ڈالرمالیت کے ہتھیار فروخت کرنے کا اعلان کیا تھا جبکہ کچھ عرصہ قبل امریکی سپیکر نینسی پلوسی کے دورہ تائیوان کے بعد دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں اضافہ دیکھنے میں آیا تھا۔