دمشق، انقرہ: (ویب ڈیسک) ترکی نے شام کی سرحدی چوکیوں پر فضائی حملے کر کے 17 افراد کو ہلاک کر دیا۔ دوسری طرف دمشق نے بھی بھرپور جوابی کارروائی کی دھمکی دی ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق انسانی حقوق پر نگاہ رکھنے والی تنظیم سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس نے بیان میں کہا کہ ترک سرحد کے قریب شامی حکومت کی متعدد فوجی چوکیوں پر ترک فضائیہ نے حملے کیے جس میں سترہ جنگجو مارے گئے۔ ہلاک ہونے والے افراد کا تعلق حکومت یا کرد فورسز سے تھا تاحال معلوم نہ ہو سکا۔
سرکاری خبر رساں نے فوجی ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ ترک فضائیہ کے حملوں میں ہلاک ہونے والوں میں کم از کم تین شامی فوجی شامل تھے جبکہ چھ دیگر زخمی ہوگئے۔ ہمارے مسلح افواج کی نگرانی والے کسی بھی فوجی چوکی پر کسی بھی حملے کا تمام محاذوں پر براہ راست اور فوراً جواب دیا جائے گا۔
ترک وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ کرد فورسز نے گزشتہ رات ترکی کے علاقے کے اندر بھی حملے کیے تھے جس میں کم ازکم ایک فوجی مارا گیا۔ انقرہ نے شام کے اندر جوابی حملے کر کے تیرہ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ اس خطے میں آپریشن اب بھی جاری ہے۔