راولپنڈی:(دنیا نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ترکیہ کے سفیر نے ملاقات کی، جس میں علاقائی سلامتی کی صورتحال اور پیشہ ورانہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور ترک سفیر کی ملاقات میں دونوں ممالک کے مابین دفاعی اور سکیورٹی تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر آرمی چیف نے کہا کہ ہم ترکیہ کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں جن کی جڑیں تاریخ میں گہری ہیں اور ہماری ثقافتی اور مذہبی وابستگیوں میں جڑی ہوئی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ترک سفیر نے علاقائی استحکام کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا اور پاکستان کے ساتھ ہر سطح پر سفارتی تعاون میں مزید بہتری کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کا عہد کیا۔