فرانس میں توانائی کی بچت کیلئے نئے قوانین نافذ

Published On 27 July,2022 08:44 am

پیرس: (روزنامہ دنیا) فرانسیسی حکومت نے توانائی کی بچت کیلئے اہم فیصلے کرتے ہوئے نئے قوانین نافذ کر دیئے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق یوکرین اور روس کے درمیان جاری تنازع کے بعد یورپ میں انرجی کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔ ان فیصلوں کے تحت ایئرکنڈیشن استعمال کرنے والی دکانوں کو دروازے بند رکھنے کا حکم دیا گیا ہے، ایئرکنڈیشن سے متعلق قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے دکانداروں کو 750 یورو جرمانہ کیا جائے گا۔

وزیر توانائی نے کہا ہے کہ وہ توانائی کے ضیاع سے متعلق آئندہ دنوں میں مزید احکامات جاری کریں گی تاہم ابتدائی طور پر ایئرکنڈیشن کو لے کر قوانین نافذ کئے گئے ہیں جب کہ شہر میں لگے برقی اشتہارات کے بورڈز پر خاص اوقات میں پابندی عائد کی گئی ہے جس کے دوران ہر قسم کے اور ہر سائز کے اشتہارات کی لائٹیں بند رہیں گی۔