کیف: (دنیا نیوز) یوکرین پر روس کے حملے کو ایک ماہ مکمل ہوگیا۔ اقوام متحدہ کے اعداد و شمار کے مطابق جنگ میں اب تک ایک ہزار سے زائد عام شہری ہلاک ہوچکے ہیں۔
روس یوکرین جنگ کو ایک ماہ مکمل ہو گیا، دارالحکومت کیف اب بھی یوکرین کے کنٹرول میں ہے۔ ماریوپول سمیت متعدد بڑے شہروں پر قبضے کی لڑائی جاری ہے۔ اقوام متحدہ کے اعداد و شمار کے مطابق جنگ میں اب تک 1035 عام شہری ہلاک ہو گئے، زیادہ تر ہلاکتیں راکٹ حملوں اور شیلنگ سے ہوئیں، زخمیوں کی تعداد 1650 تک پہنچ گئی ہے۔
یوکرین کی وزارت دفاع نے روس کا جنگی بحری جہاز تباہ کرنے کا دعویٰ کردیا، یوکرینی حکام کے مطابق بیر دیانسک بندرگارہ پر حملے میں روس کے دو بحری جہازوں کو شدید نقصان پہنچا، بندرگاہ پر حال ہی میں روسی فوج نے قبضہ کیا تھا۔ یوکرینی صدر زیلنسکی نے روسی فوج پر فاسفورس بم کے استعمال کا الزام لگا دیا۔
برسلز میں نیٹو کا ہنگامی اجلاس ہوا جس میں امریکی صدر جو بائیڈن سمیت اہم رہنما شریک ہوئے، سمٹ سے یوکرین کے صدر زیلنسکی نے ورچوئل خطاب کیا اور مزید امداد کا مطالبہ کردیا۔ اجلاس کے بعد جاری اعلامیہ کے مطابق مشرقی محاذ پر عسکری قوت بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ بلغاریہ، ہنگری، رومانیہ اور سلوویکیا میں مزیدنیٹو افواج تعینات ہونگی۔ اجلاس میں چین سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ کسی ایسے اقدام کی حمایت نہ کرے جس سے روس کو فائدہ پہنچ رہا ہو۔