روس کا غیر ملکی کمپنیوں سے لیز پر لیے گئے طیارے ہتھیانے کا فیصلہ

Published On 14 March,2022 04:58 pm

ماسکو:(دنیا نیوز) روسی صدر پیوٹن نے غیر ملکی کمپنیوں سے لیز پر لیے گئے طیارے ہتھیانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

صدر پیوٹن نے ایک حکمنامے پر دستخط کردیے ہیں جس کے تحت لیز پر لیے گئے طیارے روسی ائیر لائنز کی ملکیت ہونگے، امریکا، برطانیہ اور یورپی یونین نے لیزنگ کمپنیوں کو اپنے طیارے واپس لانے کے لیے 28 مارچ تک مہلت دی تھی، تاہم صدر پیوٹن کے اس فیصلے کے بعد طیارے واپس نہیں ہونگے جبکہ ان کمپنیوں کو روسی روبل میں قرض کی ادائیگی کی جائے گی۔

ادھر یوکرین کے ایٹمی پاور پلانٹ چرنوبل کو بجلی کی سپلائی ایک بار پھر معطل ہوگئی ہے اور یوکرینی حکام نے تابکار مادے کے اخراج کا خدشہ ظاہر کردیا ہے۔

یوکرین حکام کے مطابق روسی فورسز کی فائرنگ سے چرنوبل کو بجلی سپلائی کرنے والی گرڈ لائن کو نقصان پہنچا ہے جس کے باعث بجلی کی فراہمی تعطل کا شکار ہے، پاور پلانٹ کا کولنگ سسٹم ایمرجنسی پاور سپلائی کے سہارے چل رہا ہے۔

چرنوبل پاور پلانٹ کو بجلی کی سپلائی کئی روز معطل رہنے کے بعد گزشتہ روز بحال ہوئی تھی۔