یوکرین کے محاذ پر بڑھتی کشیدگی، امریکا اور رو س میں دھمکیوں کے تبادلے

Published On 02 December,2021 09:15 pm

سٹاک ہوم:(دنیا نیوز)یوکرین کے محاذ پر بڑھتی کشیدگی میں کمی کے لئے امریکا اور رو س کے وزرائے خارجہ کی سویڈن میں ملاقات ہوئی جس میں دھمکیوں کے تبادلے کے ساتھ ساتھ سفارتکاری کے ذریعہ معاملہ حل کرنے پر بھی زور دیاگیا۔

دونوں وزرائے خارجہ کی سویڈن کے دارالحکومت سٹاک ہوم میں ملاقات ہوئی،،او ایس سی ای اجلاس کی سائیڈلائن میں ہونی والی بیٹھک میں انٹونی بلنکن نے روسی ہم منصب کو واضح پیغام دیا کہ یوکرین کے خلاف جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ماسکو سفارتکاری کے ذریعہ معاملات حل کرے ورنہ سنگین نتائج بھگتنے ہونگے جبکہ روسی سفیر سرگئی لاروف نے مطالبہ کیا کہ امریکاماسکو کو مغربی سرحد پر طویل مدت سکیورٹی گارنٹی فراہم کرے اورواشنگٹن ضمانت دے کہ نیٹو مشرق کی جانب اپنی توسیع پسندانہ عزائم کو روکے گا۔

واضح رہے کہ یوکرین کی سرحد پر روسی افواج کی تعداد میں غیر معمولی اضافے کے بعد سے کشیدگی میں اضافہ ہوا جبکہ امریکا اور نیٹونے الزام عائد کیا کہ ماسکو کیف پر حملے کی تیاری کررہا ہے۔