کابل: (دنیا نیوز) افغانستان میں امریکی فضائی حملوں میں سات طالبان مارے گئے، لشکرگاہ میں افغان فورسز کی پوزیشن کمزور ہے۔ افغانستان میں خانہ جنگی تیز ہونے کے بعد یورپ پر افغان مہاجرین کا دباؤ بڑھنے لگا۔
افغانستان کے شہر ہرات، قندھار اورلشکر گاہ میں شدید لڑائی جاری ہے۔ افغان فورسز کے مطابق لشکر گاہ میں امریکی فضائی حملوں میں سات طالبان مارے گئے ہیں۔ مقامی حکام کےمطابق افغان فورسز کی لشکر گاہ میں پوزیشن کمزور ہے، طالبان نے صوبے ہلمند کے دس میں سے نو اضلاع پر قبضہ کر لیا۔ ہرات اورقندھار میں بھی لڑائی جاری ہے۔
افغانستان میں بڑھتی بے امنی کےباعث افغان مہاجرین کا یورپ کی طرف دباؤ بڑھ رہا ہے، امریکا نے خطرے کے شکار افغانوں کے انخلا کے پروگرام کا دائرہ کار بڑھانےکا فیصلہ کیا ہے جس سے مزید کئی ہزار افغان باشندوں کو امریکہ میں مستقل رہائش مل سکے گی۔
ادھر امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے کہا ہے کہ پاکستان نے افغان طالبان کو مذاکرات کےلیے آمادہ کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ امریکا کو جس نتیجے کی تلاش ہے،پاکستان اس میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے، افغان امن عمل کے لیے پاکستان اورامریکا کے قریبی رابطے ہیں، دونوں ممالک مل کر کام جاری رکھیں گے۔