کابل: (دنیا نیوز) طالبان نے کابل کے اطراف بھی حملے بڑھا دیئے، ہرات، لشکرگاہ ، تخار اور قندھار میں شدید لڑائی جاری ہے۔
افغان طالبان نے کابل کےقریب حملے میں افغان فورسز کے ایک کمانڈر اور دو گارڈز کی ہلاکت کا دعویٰ کیا ہے، دوسری جانب ہرات میں شدید لڑائی جاری ہے۔ طالبان نے ہرات ائر پورٹ پر بھی حملے کیے ہیں۔ دوسری جانب ہرات کے گورنر نے دعویٰ کیا ہے کہ افغان فورسز کے فضائی حملوں میں 100طالبان مارے گئے ہیں۔
لشکرگاہ اور قندھار میں بھی سکیورٹی فورسز اورطالبان میں شدید لڑائی جاری ہے، طالبان پر امریکی فضائی حملوں کی بھی اطلاعات ہیں۔ ادھر ترجمان طالبان سہیل شاہین نے بھارتی میڈیا سے گفتگو میں کہا ہے کہ بھارت کو افغانستان سے متعلق پروپیگنڈا بند کرنا چاہیے، بھارتی میڈیا سارا دن ایسی باتیں پھیلاتا رہتا ہے جن کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔