بنگلا دیش، شدید بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ سے 5 روہنگیا مسلمان جاں بحق

Published On 28 July,2021 04:12 pm

ڈھاکا: (ویب ڈیسک) اپنے ملک سے ہجرت کر کے بنگلا دیش میں پناہ حاصل کرنے والے روہنگیا افراد پر ایک اور مصیبت آ گئی، بنگلا دیش میں ہونے والی شدید بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث تین بچوں سمیت 5 افراد جاں بحق ہو گئے۔

عرب میڈیا کے مطابق بنگلا دیش میں شدید بارشیں جاری ہے، جس کے باعث متعدد علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ نے روہنگیا مسلمانوں پر آفت ڈھا دی ہے۔ ملک میں بنائے گئے کیمپ میں موجود روہنگیا مسلمان شدید مشکلات کا شکار ہیں۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق شدید بارشوں کے باعث پانچ افراد جاں بحق ہو گئے ہیں، جاں بحق ہونے والوں میں تین بچے بھی شامل ہیں۔ پالونگ کھالی مہاجر کیمپ والے علاقے میں سیلابی صورتحال ہے۔

انتظامیہ کی طرف سے اے ایف پی کو بتایا گیا ہے کہ حکام نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دو زخمیوں کو بچا لیا ہے اور انہیں طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا ہے، ہزاروں کی تعداد میں مہاجرین کو کیمپ سے محفوظ مقام پر منتقل کر دیا ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق روہنگیا مسلمانوں کی بڑی تعداد مہاجر کیمپ میں عارضی خیمے میں موجود ہیں، تیز ہواؤں اور سیلابی صورتحال نے ان کی زندگی کو اجیرن کر کے رکھ دیا ہے۔