سعودی عرب: نماز کے وقت دکان بند رکھنے کی پابندی ہٹانے کی سفارش پر ووٹنگ موخر

Published On 21 June,2021 04:57 pm

ریاض: (ویب دیسک) سعودی مجلس شوری نے نمازوں کے اوقات میں تجارتی اداروں کو بند رکھنے کی پابندی ہٹانے کی سفارش پر ووٹنگ موخر کردی ہے۔

سعودی میڈیا کے مطابق مجلس شوری نے نمازوں کے اوقات میں دکانوں کو بند رکھنے کی پابندی ہٹانے کے علاوہ تمباکو پر سو فیصد ٹیکس کو 10 سے 20 فیصد کرنے کی سفارش پر ووٹنگ موخر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

سعودی میڈیا کے مطابق ارکانِ شوریٰ عطا الثبیتی، ڈاکٹر فیصل الفاضل، ڈاکٹر لطیفہ الشعلان اور ڈاکٹر لطیفہ العبد الکریم نے اوقاتِ نماز کے دوران کاروباری مراکز بند رکھنے کی پابندی ختم کرنے کی سفارش کرتے ہوئے کہا ہے کہ تجارتی اداروں میں بھی کئی ایسی خدمات ہوتی ہیں جن کا براہ راست تعلق انسانی زندگی سے ہوتا ہے جیسے فارمیسی اور پٹرول پمپس اور یہ کاروباری مراکز روزگار کا ذریعہ بھی ہیں۔

سعودی میڈیا کے مطابق شوریٰ کا سفارش میں کہنا تھا کہ جس طرح سرکاری اور نجی ادارے اوقات نماز کے دوران بند نہیں ہوتے اسی طرح تجارتی اداروں پر سے بھی پابندی اٹھالینی چاہئے۔ سعودی عرب کے علاوہ مسلم دنیا میں کہیں بھی نماز کے دوران کاروبار بند نہیں کیا جاتا۔

سفارش میں کہا گیا کہ جمعے کا دن اس سے مستثنی رکھا جائے۔ پٹرول سٹیشنوں اور فارمیسیوں پر سے بھی یہ پابندی اٹھانے کی سفارش کی گئی ہے۔ مجلس شوری میں آج پیر کو سفارشات پر ووٹنگ ہونی تھی مگر اسے بوجوہ موخر کیا گیا ہے۔