مسلمان اللہ سے دعا کریں کورونا کا ہمیشہ کیلئے خاتمہ ہوجائے: بھارتی پولیس کی اپیل

Published On 23 April,2021 11:25 pm

ممبئی: (ویب ڈیسک) بھارت میں کورونا وائرس کے خطرناک اضافے کے بعد ایک ہندوستانی پولیس افسر نے مسلمانوں سے نماز تراویح میں کورونا کے خاتمے کیلئے دعاؤں کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اللہ سے دعا کریں کہ اس ملک اور دنیا سے کورونا کا ہمیشہ کیلئےخاتمہ ہوجائے ۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق کورونا سے پوری دنیا میں قہرام مچا ہوا ہے ۔ بھارت کورونا کی دوسری لہر سے سب سے زیادہ متاثر ہے۔ کوئی ایسا شہر نہیں ہے ، جو کورونا سے بچا ہو۔ مہاراشٹر میں کورونا مریضوں کی تعداد مسلسل بڑھتی جا رہی ہے ۔ حکومت اور انتظامیہ کورونا کی روک تھام کی ہر ممکن کوشش کررہی ہے ، لیکن مریضوں کے اعداد و شمار کم ہونے کے نام نہیں لے رہے ہیں۔

اگر کورونا کو شکست دینا ہے ، اس جنگ کو جیتنا ہے ، توسب سے پہلے تو لوگوں کو کورونا کی گائیڈ لائنس پر عمل کرنے کی ضرورت ہے ۔ بار بارپولیس گائیڈ لائنس پر عمل پیرا ہونے کے لئے عوام سے سختی کے ساتھ پیش آرہی ہے تو بعض اوقات وہ اپنے مختلف انداز سے لو گوں کادل جیت رہی ہے ۔

کلیان شہر کے پولیس اہلکار انیل جاتک نے لاؤڈ سپیکر کے ذریعے ماہِ رمضان کے مقدس مہینے میں مخلصانہ انداز میں مسلمانوں سے اپیل کی ہے کہ رمضان المبارک برکتوں کا مہینہ ہے ۔ اس مہینے میں نماز تراویح ادا کی جاتی اور نماز کے بعد جو دعا ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس میں اتنا اثر ہوتا ہے کہ ہر مشکل دورہوجاتی ہے ۔ تمام مسلمان بھائیوں سے ہماری اپیل ہے کہ وہ اپنے اپنے گھروں میں نماز ادا کریں اور اللہ سے دعا کریں کہ اس ملک اور دنیا سے کورونا کا ہمیشہ کیلئےخاتمہ ہوجائے ۔

پولیس اہلکار نے اپیل کی کہ عید کی نماز گھر میں ادا کریں ۔ پورے جوش اور ولولے کے ساتھ عید منائیں ۔ کورونا سے بچنے کا واحد علاج ہے کہ بغیر کسی ضرورت گھر سے باہر نہ نکلیں۔ ہاتھ دھوئیں اور ماسک لگائیں۔ جن کو لگتا ہے کہ کورونا کوئی بیماری نہیں ہے تو انہیں گمراہ کیا جا رہا ہے۔

بھارتی پولیس اپیل کی کہ کورونا سنگین اور جان لیوا بیماری ہے اور بہت سارے لوگ بیماری کی زد میں آکر چل بسے ہیں، افواہوں پر دھیان نہ دیں، اپنے خاندان کو دیکھیں۔