کورونا وائرس نے معروف بھارتی موسیقار شرون راٹھور کی جان لے لی

Published On 23 April,2021 04:38 pm

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارت میں کورونا وائرس کے حالات بے قابو ہو گئے ہیں، جبکہ متعدد شخصیات اس کی زد میں آ گئیں، ایک اور معروف موسیقار شرون راٹھور مہلک وباء لڑتے لڑتے 66 برس کی عمر میں چل بسے۔

تفصیلات کے مطابق شرون راٹھور 90ء کی دہائی اور 2000ء کے اوائل کے معروف موسیقار تھے۔ ان کے پارٹنر ندیم سیفی نے 90 کی دہائی کے اوائل میں فلم ’’عاشقی‘‘ کی موسیقی ترتیب دی تھی۔ اس کے علاوہ شرون راٹھور نے فلم ’’ساجن‘‘، ’’سڑک‘‘، ’’پھول اور کانٹے‘‘، ’’دیوانہ‘‘، ’’راجا‘‘،’’اگنی ساکشی‘‘،’’جیت‘‘، ’’ہم ہیں راہی پیار کے‘‘ اور ’’پردیس‘‘ سمیت متعدد البمز پر کام کیا تھا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق شرون راتھور ممبئی کے ایس ایل راہیجا ہسپتال میں نہایت تشویشناک حالت میں داخل تھے۔ شرون شوگر کے عارضے میں بھی مبتلا تھے اورپھیپھڑے بھی کورونا کے باعث متاثر تھے۔

شرون راٹھور کی موت کی تصدیق موسیقار ندیم سیفی نے کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے پوری زندگی ایک ساتھ گزاری تھی لیکن اب شرون ہم میں نہیں رہا۔

فلمساز انیل شرما نے بھی ٹوئٹر پر بتایا کہ بھارت کے بڑے اور نامور میوزک ڈائریکٹر شرون کورونا کے باعث زندگی کی بازی ہار گئے۔

بھارت میں کورونا وائرس کی دوسری لہر زیادہ خطرناک ہے اور روزانہ لاکھوں کی تعداد میں مثبت کیسز رپورٹ ہورہے ہیں۔ بالی ووڈ میں بھی کئی اداکار کووڈ 19 کا شکار ہوچکے ہیں جن میں نیل نتن مکیش، سونو سود، منیش ملہوترا، کترینہ کیف، اکشے کمار، گووندا، پاریش راول، عالیہ بھٹ، رنبیر کپور اور روہت ساراف وغیرہ شامل ہیں۔