روس اور یوکرائن میں شدید کشیدگی، دونوں ملک جنگ کے دہانے پر پہنچ گئے

Published On 09 April,2021 08:40 pm

ماسکو: (دنیا نیوز) روس نے اپنی افواج کی بڑی تعداد سرحد پر پہنچاتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ جنگ چھڑ گئی تو یوکرائن کا خاتمہ ہوگا۔ ادھر امریکا نے اپنے دو بحری جہاز بحیرہ اسود بھیجنے کااعلان کر دیا۔

تفصیل کے مطابق روس اور یوکرائن پر جنگ کے بادل منڈلانے لگے ہیں۔ روس نے ممکنہ جنگ کی صورت میں یوکرائن کو دنیا کے نقشے سے مٹانے کی دھمکی دے دی ہے۔

روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے ترجمان نے بریفنگ کے دوران کہا کہ یوکرائن میں حالات خانہ جنگی کی طرف جا رہے ہیں۔ حالات تبدیل نہ ہوئے روس مداخلت پر مجبور ہوگا اور جنگ ہوئی تو وہ یوکرائن کے خاتمے پر ختم ہوگی۔

دوسری جانب امریکا نے اپنے دو بحری جہاز ترکی کے راستے بحیرہ اسود پہنچانے کا اعلان کردیا ہے جبکہ جرمنی نے ماسکو پر زور دیا ہے کہ وہ معاملات کو جنگ کے بجائے پرامن طریقے سے حل کرے۔

خیال رہے کہ پچھلے کچھ دنوں سے یوکرائن کی افواج اور روسی حمایت یافتہ باغیوں کے درمیان لڑائی شدت اختیار کر گئی ہے۔