راولپنڈی: (دنیا نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان کسی بھی ملک کیخلاف جارحانہ عزائم نہیں رکھتا۔ باہمی ترقی، خود مختاری اور برابری کی بنیاد پر خطے میں بہتری کے لئے کام کرتے رہیں گے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف نے یہ بات دورہ پاکستان پر آئے روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف کیساتھ اہم ملاقات کے موقع پر کہی۔
جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ پاکستان خطے میں امن کیلئے ہر کوشش کا خیر مقدم کرتا ہے۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ پاکستان روس کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ دونوں ممالک کی مسلح افواج کے درمیان تعاون بڑھانا چاہتے ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف نے کہا کہ مختلف شعبوں میں پاک روس تعلقات مثبت انداز میں آگے بڑھ رہے ہیں۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں افغان امن عمل، پاکستان اور روس کے درمیان سیکورٹی اور دفاع کے شعبوں میں تعاون بڑھانے اور باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت کی گئی۔