مدینہ منورہ: (ویب ڈیسک) سعودی حکام نے رمضان المبارک کے دوران مسجد نبوی ﷺ میں نماز تراویح کی ادائیگی کیلئے پلان مرتب کر لیا ہے۔
یہ پلان مسجد نبوی ﷺ پریذی ڈینسی ایجنسی کی جانب سے امام کعبہ ڈاکٹر عبدالرحمان السدیس کے سامنے پیش کیا تھا، جسے انہوں نے غور وفکر کے بعد منظوری دینے کا اعلان کیا۔
شیخ عبدالرحمان السدیس کا اجلاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے احتیاطی تدابیر پر سختی کیساتھ عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے تاکہ مسجد نبوی ﷺ میں ناصرف عبادت بلکہ زائرین کی آمد کو بھی بحال کیا جا سکے۔
ہ بات ذہن میں رہے کہ مسجد نبویﷺ کا شمار دنیائے اسلام کی بڑی مساجد میں ہوتا ہے جہاں بیک وقت لاکھوں لوگ نماز ادا کر سکتے ہیں۔ کورونا وائرس سے قبل یہاں ایک ہی وقت میں 3 لاکھ 50 ہزار افراد باجماعت نماز ادا کرنے کی اجازت تھی۔
تاہم اب نماز تراویح کیلئے یہاں محکمہ صحت کی وضع کردہ ہدایات کی روشنی میں پلان ترتیب دیا گیا ہے۔ وبائی صورتحال کے پیش نظر مسجد نبوی ﷺ میں رمضان کے دنوں میں صرف 45 ہزار نمازی کباجماعت نماز ادا کر سکیں گے۔
مسجد نبوی ﷺ کے مغربی حصے میں 15 ہزار نمازیوں کے داخلے جبکہ رمضان المبارک میں ایک ہی وقت میں 60 ہزار نمازیوں کو مسجد نبوی ﷺ میں نماز ادا کرنے کی اجازت ہوگی۔