اسلام آباد: (دنیا نیوز) رمضان المبارک کے دوران مہنگائی کا گراف مسلسل بڑھنے لگا، ادارہ شماریات نے مہنگائی کے حوالے سے ہفتہ وار رپورٹ جاری کر دی گئی ہے۔
ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے کے دوران مہنگائی کی شرح میں 0.36 فیصد اضافہ ہوا ہے، ایک ہفتے کے دوران 16 اشیائے ضروریہ مہنگی ہوئی ہیں جبکہ 12 سستی ہوئی ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق ایک ہفتے کے دوران مرغی کا گوشت 37 روپے فی کلو گرام مہنگا ہوا، آلو ساڑھے 3 روپے فی کلو، کیلے 8 روپے فی درجن مہنگے ہوئے۔ مٹن 9 روپے اور بیف 1 روپیہ 40 پیسے فی کلو گرام مہنگا ہوا۔
ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے کے دوران ایل پی جی سلنڈر 39 روپے مہنگا ہوا، دہی، تازہ دودھ، دال مونگ اور انڈوں کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔
مہنگائی کے نئے اعداد و شمار کے مطابق ایک ہفتے کے دوران 12 اشیائے ضروریہ سستی ہوئیں۔ ایک ہفتے میں ٹماٹر 82 پیسے، پیاز ساڑھے 4 روپے فی کلو سستا ہوا، سفید چنا2 روپے 25 پیسے، دال مسور 4 روپے 63 پیسے فی کلو گرام سستی ہوئی۔
ادارہ شماریات کے مطابق 20 کلو گرام آٹے کا تھیلا 4 روپے 25 پیسے سستا ہوا، ایک ہفتے کے دوران 23 اشیائے ضروریہ کی قیمتیں برقرار رہیں۔