نیو یارک: (ویب ڈیسک) امریکی صدر جو بائیڈن کا کہنا ہے کہ افغانستان سے یکم مئی تک امریکی فوجوں کا مکمل انخلا مشکل ہوگا۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق امریکی ٹی وی کو انٹرویو میں صدر جوبائیڈن کا کہنا تھا کہ افغانستان سے امریکی قیدیوں کا انخلا یکم مئی تک ممکن لیکن بہت مشکل ہوگا، ایسا ہوسکتا ہے لیکن یہ بہت مشکل ہے، انخلا کے وقت سے متعلق فیصلے پر کام کر رہے ہیں۔
جو بائیڈن کا کہنا تھا کہ سابق صدر نے اس پر بہت زیادہ ٹھوس انداز میں بات چیت نہیں کی، اقتدار کی ہموار منتقلی نہ ہونے کی وجہ سے اس مسئلے پر کام کرنے میں وقت لگا۔ افغانستان سے متعلق اس مسئلے پر ہم اب بات چیت کر رہے ہیں۔
دوسری طرف امریکی صدر جوزف بائیڈن کے اس فیصلے پر انتباہی انداز میں رد عمل دیتے ہوئے ترجمان طالبان ذبیح اللہ مجاہد کہا ہے کہ یکم مئی تک فوج نکالو، ورنہ نتائج بھگتنے کے لئے تیار ہوجاؤ۔
انہوں نے کہا کہ امریکا دوحہ معاہدے کے مطابق یکم مئی تک افغانستان پر قبضہ ختم کرے، فوج نہیں نکالی تو تمام نتائج کا ذمہ دار امریکا خود ہوگا۔