واشنگٹن: (دنیا نیوز) ڈیموکریٹک صدارتی امیدوار جو بائیڈن نے کہا ہے کہ ان کی حکومت حقیقی امریکی انداز کی ہو گی، مسلمان ہر سطح پر خدمات انجام دیتے نظر آئیں گے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ بائیڈن ایک بدعنوان سیاست دان ہیں، انہیں تو صدارتی انتخابات لڑنا ہی نہیں چاہیے تھا۔
امریکی صدارتی انتخابات سے قبل دونوں حریف ایک دوسرے پر تابڑ توڑ حملے کر رہے ہیں، ڈیموکریٹک صدارتی امیدوار جو بائیڈن نے کہا ہے کہ اگر وہ امریکا کے صدر بنے تو ان کی حکومت حقیقی امریکی انداز کی ہو گی جس میں مسلمان ہر سطح پر خدمات انجام دیتے نظر آئیں گے۔
ویڈیو لنک کے ذریعے مسلمانوں سے خطاب کرتے ہوئے جوبائیڈن نے مزید کہا کہ مسلم ممالک پر لگی سفری پابندیاں بھی ہٹا دیں گے۔ صدر ٹرمپ کے غیر آئینی اقدامات کو ایک دن میں ختم کر دیں گے۔
دوسری جانب ریاست لووا میں خطاب کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ اگر جوبائیڈن جیتے تو وہ امریکا کو سوشلسٹ ملک بنا دیں گے۔ یہ الیکشن سوشلسٹ خواب اور امریکی خواب کے درمیان مقابلہ ہو گا۔
میلانیا ٹرمپ نے بتایا ہے کہ بیٹے بیرن ٹرمپ کا کورونا ٹیسٹ بھی مثبت آیا تھا جو اب منفی ہے۔ 14 سالہ بیرن کا پہلا ٹیسٹ منفی اور پھر اگلے دن مثبت آیا تھا۔