جکارتہ: (دنیا نیوز) انڈونیشیا میں شدید بارشوں کے باعث سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث 30 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق حکام نے بتایا ہے کہ شدید بارشوں کے نتیجے میں آنے والے سیلابوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث 30 افراد ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ ہزاروں افراد کو گھر بار چھوڑنا پڑا۔
خبر رساں ادار ےکے مطابق موسلا دھار بارش کا سلسلہ 31 دسمبر سے شروع ہو کر پہلی جنوری کی شام تک جاری رہا۔ اچانک آنے والے سیلابوں نے دارالحکومت جکارتہ کے کئی علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔ ریل گاڑی کا رابطہ ابھی تک منقطع ہے۔
انڈونیشی ڈیزاسٹر مینیجمنٹ حکام نے تصدیق کی ہے کہ 62 ہزار افراد کو منتقل کیا گیا ہے اور دیہی علاقوں سے سیلابی ریلے ہزاروں مال مویشی کو بہا کر لے گئے ہیں۔ جکارتہ کے قریبی صوبے بانٹین میں مجموعی صورت حال خراب ہے۔
خبر رساں ادارے نے ایک ویڈیو کے ذریعے بتایا ہے کہ حالات زیادہ خراب ہیں، ہر طرف پانی ہی پانی ہے، کچھ لوگ اپنے آپ کو بچانے کے لیے ربڑ کی کشتیوں کے ذریعے محفوظ مقامات پر منتقل ہو رہے ہیں۔