جکارتا : (ویب ڈیسک) انڈونیشیا میں ایک مسافر بس گہری کھائی میں گر گئی، اس حادثے میں 26 لوگ زندگی کی بازی ہار گئے ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق انڈونیشیا کے سماٹرا کے ضلع پاگارلام کے راستے سے گزرنے والی بس کئی میٹر نیچے کھائی میں گرنے کے بعد لڑھکتے ہوئے دریا میں جا گری۔ حادثے کے بعد 26 لوگ ہلاک ہو گئے۔
خبر رساں ادارے کے مطابق حادثے میں ہلاکتوں کے علاوہ 14 مسافر شدید زخمی ہیں جب کہ حکام نے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ حادثے کے بعد امدادی ٹیموں نے دریا میں لاپتا ہو جانے والے مسافروں کی تلاش شروع کر دی ہے۔
انڈونیشیا کے مضافات، دریائی اور بلند مقامات پر ٹریفک حادثات رونما ہوتے رہتے ہیں جس کی ایک وجہ خستہ حال ٹرانسپورٹ اور ڈرائیوروں کی غفلت بھی ہے۔
یاد رہے کہ رواں برس ستمبر میں ایسے ہی ایک حادثے میں 21 افراد زندگی کی بازی ہار گئے تھے۔ یہ حادثہ مغربی جاوا میں ایک بس کے دریا میں گرنے کے باعث پیش آیا تھا۔