وادی: (دنیا نیوز) مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے انتخابی ڈرامے کا دوسرا مرحلہ بھی فلاپ ہوگیا، سری نگر میں لوک سبھا کے انتخابات میں 90 پولنگ بوتھ پر ایک ووٹ بھی نہیں ڈالا گیا۔
بھارتی حکومت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں انتخابات کے ڈھونگ پر کشمیریوں کا بائیکاٹ جاری ہے، دوسرے مرحلے میں سری نگر اور ادھم پور میں ووٹنگ کرائی گئی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق کشمیریوں نے انتخابات کا مکمل بائیکاٹ کر دیا، سری نگر کے حلقے میں 85 فیصد ووٹرز نے ووٹ کا حق استعمال نہیں کیا۔
سری نگر کے 90 پولنگ بوتھ پر ایک ووٹ بھی نہیں ڈالا گیا، کل جماعتی حریت کانفرنس نے بھارتی انتخابی ڈرامے کے مکمل بائیکاٹ کی اپیل کی تھی۔