بھارتی حکومت دنیا کو بالاکوٹ حملے کا یقین دلائے، پی چدمبرم

Last Updated On 04 March,2019 06:42 pm

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) اںڈیا کے سابق وزیر چدمبرم نے کہا ہے کہ مرکزی حکومت اپوزیشن کی تنقید کو نظر انداز کرتے ہوئے دنیا کو بالاکوٹ حملے کا یقین دلائے۔

بالاکوٹ میں گزشتہ ماہ 26 فروری کو ہونے والے فضائی حملے کے تناظر میں دیے گئے اپنے ایک حالیہ بیان میں انڈیا کے سابق وزیر چدمبرم نے کہا کہ ایک بھارتی شہری ہونے کے ناطے مجھے اپنی حکومت کے دعوے کا یقین کرنا پڑے گا لیکن دنیا کو باور کرانے کیلئے مزید کچھ اور کرنا ہوگا۔ انہوں نے حکومت کو مشورہ دیا کہ وہ اس موقع پر اپوزیشن کی تنقید کو خاطر میں نہ لائے۔

چدمبرم نے کہا کہ ایک ہندوستانی شہری کے ناطے میں اپنی حکومت پر بھروسہ کرنے کے لئے تیار ہوں لیکن اگر ہم یہ چاہتے ہیں کہ دنیا کو بھی بھروسہ ہو تو حکومت کو اپوزیشن کی نکتہ چینی کرنے کے بجائے اس کے لئے کوشش کرنی چاہیے۔

کانگریس کے ہی ایک دوسرے سینئر لیڈر کپل سبل نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر کئی غیر ملکی اخبارات اور ایجنسیوں کی خبروں کا ذکر کیا ہے جن میں کہا گیا ہے کہ بالاکوٹ میں دہشت گردوں کو کسی طرح کا نقصان نہیں ہوا ہے۔

کانگریس کے سینئر رہنما پی چدمبرم نے کہا کہ ہندوستانی فضائیہ کے وائس ایر مارشل نے مرنے والوں کی تعداد کے بارے میں تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ کوئی شہری یا فوجی ہلاک نہیں ہوا ہے تو مرنے والوں کی تعداد 300-350 کس نے بتائی؟