ریاض: (دنیا نیوز) سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کا کہنا ہےکہ صحافی جمال خشوگی ایک خطرناک انتہا پسند تھا۔ دوسری جانب مقتول جمال کے اہل خانہ نے تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ جمال خشوگی کا تعلق کسی انتہا پسند جماعت سے نہیں تھا۔
سعودی ولی عہد محمد بن سلمان جمال خشوگی کو خطرناک انتہا پسند سمجھتے تھے۔ محمد بن سلمان نے صحافی کے لاپتہ ہونے کے بعد وائٹ ہاؤس میں ہونے والی ایک ٹیلی فونک گفتگو میں اپنے اس خیال کا اظہار کیا۔ امریکی صدر کے داماد جیریڈ کشنر اور نیشنل سیکورٹی ایڈوائزر جان بولٹن سے فون کال کےدوران محمد بن سلمان کا کہنا تھا کہ خشوگی اخوان المسلمین کے رکن بھی رہے ہیں۔
سعودی صحافی جمال خشوگی امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ سے وابستہ تھے اور اپنی تحریروں میں سعودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے رہتے تھے۔ سعودی حکومت نے استنبول میں سعودی قونصل خانے میں ان کے قتل کا اعتراف کیا ہے تاہم ان کی باقیات کا پتہ نہیں لگایا جا سکا۔
دوسری جانب جمال خشوگی کے اہلخانہ نے ان کےانتہاپسند ہونے یا کسی انتہا پسند تنظیم سے تعلق ہونے کے بیان کی تردید کی ہے۔