ہیروئن کی بھاری مقدار ایران داخل کرنے کی کوشش ناکام

Last Updated On 08 October,2018 02:01 pm

تہران (نیٹ نیوز ) ایران کے کسٹم حکام نے اعتراف کیا ہے کہ منشیات بالخصوص 'ہیروئن' کی بھاری مقدار ایران داخل کرنے کی کوشش کی گئی تھی مگر اسے ناکام بنا دیا گیا ہے۔ ایرانی حکام کاکہنا ہے کہ ان کے اندازے کے مطابق 1100 کلو گرام ہیروئن ایران اسمگل کی گئی ہے۔ ایرانی تاریخ میں اتنی بڑی مقدار میں ایک ہی کوشش میں ہیروئن کی سمگلنگ کا یہ پہلا واقعہ ہے۔

ایرانی ذرائع ابلاغ کے مطابق ہیروئن جپسم کی چادروں میں رکھ کر ایران داخل کی گئی تاہم حکام نے اس کا پتا چلا لیا ہے۔

خیال رہے کہ ایران میں سامنے آنے والی ہیروئن کی مقدار پوری دنیا میں پائی جانے والی ہیروئن کا 35 فی صد ہے۔ ایران میں 15 سال سے کم عمر کے افراد بھی ہیروئن کا استعمال کرتے ہیں۔

چند روز قبل بلغاریہ کی پولیس نے ایک ایرانی کو آسٹریا میں منشیات سمگلنگ کے الزام میں حراست میں لیا تھا۔ اس سے قبل 29 ستمبر کو بلغاریہ کی پولیس نے دو ایرانیوں کو 27 ملین ڈالر مالیت کی کئی کلو گرام ہیروئن آسٹریا لے جانے کی کوشش کے دوران گرفتار کیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ایرانی ملزمان 712 کلو گرام ہیروئن آسٹریا لے جانے کی کوشش کر رہے تھے۔