نیویارک (نیٹ نیوز ) اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی برائے یمن مارٹن گریفتھس نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ آیندہ ماہ نومبر میں جنگ زدہ ملک کے تمام فریقوں کے درمیان بحران کے حل کے لیے بات چیت بحال ہوجائے گی۔
انہوں نے برطانوی خبر رساں ایجنسی رائیٹرز سے ایک خصوصی انٹرویو میں کہا ہے کہ یمن میں جاری انسانی بحران کو حل کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ اس ملک کی معیشت کو درپیش مسائل حل کیے جائیں۔ انہوں نے یہ انکشاف کیا ہے کہ اس وقت بین الاقوامی ترجیح یمنی ریال کی قدر کو مزید گرنے سے بچانا ہے۔
مارٹن گریفتھس کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ اس وقت یمنی ریال کی قدر کو مزید گرنے سے روکنے اور معاشی اعتماد کی بحالی کے لیے ایک ہنگامی منصوبے پر غور کررہی ہے۔
میرے ذہن میں تو اس حوالے سے کوئی شک نہیں کہ یہ اقتصادی مسئلہ اس وقت سب سے اولین ترجیح ہے۔ اقوام متحدہ میں ہم ایک ماسٹر پلان کی ضرورت کے حوالے سے گفتگو کر رہے ہیں۔ عالمی بنک ، عالمی مالیاتی فنڈ ، اقوام متحدہ کے تحت ایجنسیاں،خلیجی ممالک او ر یمنی حکومت سب مل بیٹھ کر فوری اقدامات پر بات چیت کرسکتے ہیں۔
عالمی ایلچی کا کہنا تھا سعودی عرب نے اسی ہفتے یمن کے مرکزی بنک کو 20 کروڑ ڈالرز امداد کی شکل میں دیئے ہیں تاکہ یمنی ریال کی گرتی ہوئی ساکھ کو سنبھالا دیا جاسکے۔ اس سے قبل اس نے یمنی بنک میں قریباً تین ارب ڈالرز کی رقم منتقل کی تھی۔ تاہم مارٹن گریفتھس کا کہنا تھا کہ یمنی معیشت کی بحالی کے لیے مزید جامع حکمت عملی کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا میرے خیال میں ہم ہمیشہ سعودی عرب کی فراخدلانہ امداد پر انحصار کرسکتے ہیں اور نہ ہمیں ایسا کرنا چاہیے کہ سعودی عرب ہی امداد کی شکل میں نظام میں رقوم ڈالے۔