افغان چیف ایگزیکٹو کا وزیراعظم پاکستان کے امن و استحکام پر مبنی بیان کا خیر مقدم

Last Updated On 14 September,2018 01:59 pm

کابل: (دنیا نیوز) افغانستان کے چیف ایگزیکٹو عبداللہ عبداللہ نےکہا ہے کہ دہشت گردی کسی بھی ملک کےمفاد میں نہیں، انہوں نے وزیراعظم عمران خان کی جانب سے خطے میں امن اور استحکام کے بیان کا خیر مقدم کیا ہے۔

افغانستان کے چیف ایگزیکٹیو عبداللہ عبداللہ نے برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ انتہاپسند اور دہشت گرد عناصر طویل مدت میں کسی بھی ملک کے مفاد میں مدد گار ثابت نہیں ہوں گے۔ ایسے عناصر اپنی حکومت چاہتے ہیں اور وہ بالآخر کسی بھی ملک کےخلاف اٹھ کھڑے ہوں گے۔

عبداللہ عبداللہ نے وزیراعظم عمران خان کی جانب سے خطے میں امن اور استحکام کے بیان کا خیر مقدم کیا۔ افغان چیف ایگزیٹو نے کہا دونوں ممالک کےتعلقات میں چیلنجز کا سامنا ہے جن کا مل کر مقابلہ کیا جاسکتا ہے۔

افغان چیف ایگزیکٹو نے امریکا اور طالبان کے درمیان رابطوں کی تصدیق کی اور کہا کہ طالبان افغان حکومت سے بات نہیں کرنا چاہتے لیکن اگر وہ جمہوری عمل کا حصہ بننا چاہتے ہیں تو خیرمقدم کریں گے۔