واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امید ظاہر کی ہے کہ شمالی کوریا کے رہنما کِم جونگ اُن سے ملاقات میں کوریائی جنگ کے خاتمے اور باہمی بقائے امن کا معاہدہ ہو جائے۔ انہوں نے کہا کہ اگر اگلے ہفتے سنگا پور میں طے شدہ ملاقات اچھی رہی تو وہ انہیں امریکا آنے کی دعوت بھی دے سکتے ہیں۔
دارالحکومت واشنگٹن میں جاپان کے وزیراعظم شینزو ایبے سے ملاقات کے بعد پریس کانفرنس میں صدر ٹرمپ نے کہا وہ شمالی کورین رہنما سے ملاقات کے نتیجے کے بارے میں ابھی کچھ نہیں کہہ سکتے تاہم انہیں امید ہے کہ کِم سے ملاقات کامیاب ہو گی۔ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ یہ ممکن ہے کہ کوریائی جنگ کے خاتمے کے لیے کوئی معاہدہ ہو جائے۔ ایک سوال کے جواب میں صدر ٹرمپ نے کہا ہو سکتا ہے وہ کِم کو وائٹ ہاؤس آنے کی دعوت دیں۔