امریکہ کیخلاف یورپ کے 28 ممالک کو محاذ بنانے کی تجویز، ایران کے ساتھ تجارتی تعاون جاری رکھنے کا اعلان
صوفیا: (دنیا نیوز) یورپی یونین کے صدر ڈونلڈ ٹسک نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ ٹرمپ جیسے دوستوں کے ہوتے ہوئے دشمنوں کی کیا ضرورت ہے، یورپی یونین نے ایران کے ساتھ معاہدہ اور تجارتی تعاون جاری رکھنے کا بھی اعلان کیا۔
بلغاریہ میں اجلاس کے دوران یورپی یونین کے صدر ڈونلڈ ٹسک امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر برس پڑے۔ انہوں نے کہا صدر ٹرمپ کے حالیہ فیصلوں کو دیکھتے ہوئے کوئی یہ کہہ سکتا ہے کہ ایسے دوستوں کی موجودگی میں دشمنوں کی ضرورت ہے۔
ڈونلڈ ٹسک نے یورپی رہنماؤں پر زور دیا کہ وہ امریکا کی ایران کے ساتھ ایٹمی معاہدے سے دستبرداری اور یورپ کے خلاف تجارتی محصولات عائد کرنے کے خلاف مشترکہ محاذ بنائیں۔ ٹسک نے یورپی یونین کے 28 ملکوں کے رہنماؤں کے اجلاس کے دوران امریکا کا موازنہ یورپ کے روایتی حریفوں روس اور چین سے کیا۔ اجلاس کے دوران یورپی رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ امریکا کی جانب ایران کے ساتھ ایٹمی معاہدے ختم کیے جانے کے باوجود یہ معاہدہ اور ایران کے ساتھ تجارتی تعاون جاری رہے گا۔