سری نگر: (دنیا نیوز) مقبوضہ بھارتی فورسز کے ظلم و جبر کا سلسلہ جاری، حریت رہنماؤں کی اپیل پر مقبوضہ وادی میں مکمل ہڑتال، مسئلہ کشمیر عوامی امنگوں کے مطابق حل کیا جائے۔
حریت رہنماؤں کی اپیل پر مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کے مظالم کے خلاف مکمل ہڑتال رہی، حریت رہنماؤں نے بھارتی جبرو تشدد کا شکار ہونے والے متاثرین کے گھروں کا دورہ کیا۔ سید علی گیلانی نےسوگواران سے ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ بھارتی جبر و ستم اور گھر گھر تلاشی کے نام پر جاری ظلم کی لہر کو اب بند ہونا چاہیے۔ حریت رہنماء کا کہنا تھا کہ مقبوضہ وادی میں بھارتی بربریت کا زیادہ تر شکار نوجوان بن رہے ہیں۔ خیال رہے کہ حریت رہنماء سید علی گیلانی کو بھارتی فورسز نے گھر میں نظر بند کر رکھا ہے۔
جبکہ میر واعظ عمر فاروق کا کہنا تھا کہ کشمیر کا مسئلہ کبھی بھی روزگار، سڑکیں اور ترقیاتی کام نہیں رہا۔ کشمیر کا حق خوداردیت کا مسئلہ شروع سے ہی چلتا آرہا ہے اور اس مسئلہ کو عوامی امنگوں کے مطابق حل ہونا چاہیے۔