اسلام آباد: (دنیا نیوز) مشیر برائے قومی سلامتی ناصر خان جنجوعہ نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر صرف آزادی کی جدوجہد نہیں بلکہ اب انسانی حقوق کامسئلہ بن چکا ہے۔
اسلام آباد میں سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مشیر برائے قومی سلامتی ناصر خان جنجوعہ نے کہا کہ مسئلہ کشمیر حل نہ ہوا تو نتائج خطے کے امن کے لیے خطرناک ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر صرف آزادی کی جدوجہد نہیں بلکہ اب انسانی حقوق کا مسئلہ بن چکا ہے۔
سیمینار سے خطاب میں مشعال ملک کا کہنا تھا کہ عالمی طاقتیں بھارت کے انسانیت سوز مظالم پر آنکھیں کھولیں۔ بھارت نہتے کشمیریوں کو ریاستی دہشتگردی کا نشانہ بنا رہا ہے۔ پاکستان، ہندوستان کا اصلی چہرہ دنیا کو دکھائے۔
مشیر قومی سلامتی ناصر جنجوعہ اور مشعال ملک نے مقبوضہ وادی میں بھارتی فوج کی جارحیت کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔ بھارت سے کشمیری عوام پر جاری مظالم فوری بند کرنے کا مطالبہ کیا۔ دیگر مقررین نے عالمی برادری سے بھی مطالبہ کیا کہ مقبوضہ کشمیر میں معصوم کشمیریوں کے قتل عام کا نوٹس لیا جائے۔