شمالی کوریا اپنے ایٹمی تجربات کی سائٹ کو مئی میں بند کر دے گا

Last Updated On 29 April,2018 06:39 pm

سیول: (دنیا نیوز) جنوبی کوریا کا کہنا ہے شمالی کوریا اپنے ایٹمی تجربات کی سائٹ کو مئی میں بند کر دے گا، جنوبی کوریا اور امریکی ماہرین کو جگہ کے معائنے کے لیے دعوت بھی دے گا۔

جنوبی کوریا کے صدارتی ترجمان یون ینگ چان نے دارالحکومت سیول میں پریس کانفرنس میں کہا کہ شمالی کوریا کے رہنما کِم جونگ اُن نے اعلان کیا ہے کہ پنگيئی ری سائٹ کو باضابطہ طور پر بند کیا جائے گا اور جنوبی کوریا اور امریکی ماہرین کو اس کے معائنے کے لیے مدعو کیا جائے گا۔

پنگيئی ری سائٹ ملک کے شمال مشرقی پہاڑی علاقے میں ہے اور شمالی کوریا دو ہزار چھ سے اب تک چھ بار ایٹمی تجربات کر چکا ہے۔

صدر کے دفتر نے یہ بھی کہا کہ شمالی کوریا جنوبی کوریا کے وقت کے ساتھ اپنی گھڑی ملائے گا۔ ابھی شمالی کوریا جنوبی کوریا کے مقابلے اپنا مقامی وقت نصف گھنٹے پہلے رکھتا ہے۔