ہسپانوی تنظیم نے لیبیا کے ساحل سے 200 تارکین وطن کو ریسکیو کر لیا

Published On 01 Apr 2017 10:51 PM 

ہسپانوی تنظیم نے لیبیا کے ساحل کے قریب ربڑ کی دو کشتیوں سے دو سو تارکین وطن کو ریسکیو کر لیا جن میں بیس خواتین اور ایک چار دن کا بچہ بھی شامل ہے۔

ٹریپولی: (دنیا نیوز) یورپ پہنچنے کے خواہشمند افراد اپنی جان جوکھوں میں ڈالنے پر تلے ہوئے ہیں۔ لیبیا کے ساحل کے قریب دو سو تارکین وطن 2 ربڑ کی کشتیوں میں پائے گئے جنہیں ایک ہسپانوی تنظیم کے اہلکاروں نے ریسکیو کر کے ساحل پر پہنچا دیا۔
خبررساں ایجنسی کے مطابق تارکین وطن میں گھانا، نائجیریا، بنگلہ دیش اور سری لنکا کے شہری شامل ہیں۔ کشتی میں 20 خواتین اور ایک چار دن کا بچہ بھی سوارتھا جو لیبیا میں پیدا ہوا تھا۔ اقوام متحدہ کی ایجنسی برائے مہاجرین کے مطابق رواں سال اب تک 650 افراد یورپ پہنچنے کی کوشش کرتے ہوئے اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں جبکہ گزشتہ سال اسی کوشش کے دوران 4,600 افراد سمندری لہروں کی نذر ہو گئے تھے۔